فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ سے چند ہفتے قبل ٹیکس سال 2026 کے ریٹرن فارم میں اہم تبدیلیاں کردی ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن SRO 1495(I)/2026 کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے ذریعے سیکنڈ شیڈول کے پارٹ ٹو زی ای، زیڈ ایف، زیڈ جی اور زیڈ ایچ میں نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق ان ترامیم کا اطلاق ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن کے نظام پر ہوگا، جس سے رواں ٹیکس سال کے گوشواروں کے فارم اور طریقہ کار میں تبدیلی آئے گی۔
دوسری جانب ٹیکس اور قانونی ماہرین نے ریٹرن فارم میں تبدیلی کے وقت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 ہے اور آخری مرحلے میں فارم میں تبدیلی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو قانونی اور تکنیکی مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق بہت سے ٹیکس دہندگان اور ماہرین پہلے سے دستیاب فارمیٹ کے تحت اپنے گوشوارے تیار کر رہے تھے، اس لیے نئی ترامیم کے نفاذ سے انہیں اضافی وقت اور واضح رہنمائی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
ٹیکس ماہرین نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی ترامیم کے دائرہ کار، اطلاق اور عملی طریقہ کار کے حوالے سے فوری اور واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ٹیکس دہندگان مقررہ مدت کے اندر بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے گوشوارے جمع کراسکیں۔






