گیس صارفین کو بڑا جھٹکا، بلوں میں ہوشربا اضافہ

سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے ایل این جی پر مبنی گھریلو گیس کنکشن استعمال کرنے والے صارفین کو بھاری بل موصول ہونے لگے ہیں، جس کے باعث ہزاروں گھرانوں کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ ماہ درآمدی گیس کی قیمت تقریباً 7 ہزار 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی، جس کے تحت ایل این جی پر مبنی گھریلو کنکشنز کی بلنگ کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے سے قبل ایسے صارفین کو تقریباً 3 ہزار 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے گیس فراہم کی جا رہی تھی، تاہم قیمتوں میں اضافے کے بعد ان صارفین کے گیس بلوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے باوجود گزشتہ ماہ کی مقررہ قیمت کو بنیاد بنا کر صارفین کے بل تیار کیے گئے، جس کے نتیجے میں اضافی مالی بوجھ براہ راست گھریلو صارفین پر منتقل ہوگیا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ایل این جی کی بنیاد پر گھریلو صارفین کو گیس کنکشن فراہم کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد سوئی ناردرن نے بڑی تعداد میں صارفین کے گھروں میں ایل این جی پر مبنی میٹرز نصب کرکے نئے کنکشن فراہم کیے۔

عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں منتقل ہونے پر صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ بھاری بلوں نے ہزاروں گھرانوں کے ماہانہ بجٹ کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔