محکمہ خوراک پنجاب میں مبینہ بڑے پیمانے پر کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف اضلاع سے محکمہ خوراک کے 48 افسران اور اہلکار گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک نے کرپشن کے الزام میں 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف بھی تادیبی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
بہاولپور میں 6 فوڈ گرین انسپکٹرز اور چوکیداروں کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔ اسی طرح گوجرانوالہ کے 5 ملازمین اور سرگودھا کے ایک فوڈ گرین انسپکٹر کو بھی ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بہاولنگر، ڈی جی خان، رحیم یار خان، میانوالی، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، نارووال اور اٹک میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ خوراک میں بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔






