بسنت 2027 کی تیاریوں کا آغاز، پتنگ و ڈور بنانے کی اجازت دینے کا فیصلہ

لاہور (آن لائن) پنجاب میں بسنت 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں پتنگ اور ڈور سازی کی اجازت 6 ماہ قبل دینے کا بڑا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بسنت پورٹل کھولنے کے لیے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔

پتنگ اور ڈور سازوں کو لائسنس دینے کا عمل آئندہ ہفتے شروع ہوگا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بسنت پورٹل بھی آئندہ ہفتے فعال کردیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں بسنت پورٹل صرف مینوفیکچررز کے لیے کھولا جائے گا۔

بسنت کے حوالے سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ڈی سی لاہور نے انہیں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق بسنت پورٹل کھولنے اور پتنگ و ڈور سازی کی تاریخ کا اعلان سینئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد مینوفیکچرنگ کی اجازت دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ بسنت کے موقع پر مینوفیکچرنگ کی اجازت صرف ایک ماہ قبل دی گئی تھی، تاہم اس بار 6 ماہ پہلے پتنگ اور ڈور کی تیاری سے وافر دستیابی یقینی بنائی جاسکے گی، جس سے ڈور اور گڈی گزشتہ سال کی نسبت سستے نرخوں پر دستیاب ہوسکیں گی۔

مینوفیکچررز ای بز پورٹل پر لائسنس کے لیے درخواست جمع کراسکیں گے اور لائسنس کے حصول کے بعد انہیں ڈور اور پتنگ سازی کی اجازت دی جائے گی۔