طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کیلئے اچھی خبر

خیبرپختونخوا حکومت نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت اجلاس میں متعلقہ حکام کو منصوبے پر فوری پیش رفت کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جبکہ بعد ازاں اس منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ مفت الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی سے خواتین کو تعلیم اور روزگار تک محفوظ، آسان اور بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ماحول پر مثبت اثرات مرتب کرے گا اور فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔