اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ملک کو غیرملکی عناصر سے بالکل صاف کریں گے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان وفاق اور صوبوں کا مشترکہ معاملہ ہے اور وفاق سمیت تمام صوبے اس پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق ہر اجلاس کا پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کیا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا افسران کو ملازمت سے نکال دیا گیا ہے۔ ملک کو غیرملکی عناصر سے پاک کرنا اور شہریوں کا ریکارڈ شفاف رکھنا ضروری ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کے پاسپورٹ روکنے کی بات درست نہیں، وہ ایک ایک پاسپورٹ کی تفصیل دینے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر وفاق سمیت تمام صوبے عمل کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیاسی و حکومتی سطح پر مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔






