لاہور: ضلعی انتظامیہ نے شہر لاہور میں تین روزہ بسنت اور جشن بہاراں کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز کے مطابق بسنت اور جشن بہاراں 12، 13 اور 14 مارچ 2027ء کو منعقد ہوگا، جس میں شہریوں کی حفاظت اور نظم و ضبط کو یقینی بناتے ہوئے مختلف ثقافتی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ تین روزہ جشن بہاراں کے دوران لاہور کی تاریخی اور ثقافتی روایات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ اس میلے کو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایک اہم ثقافتی تقریب کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ بسنت 2027ء کو محفوظ، منظم اور یادگار بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کر رہی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان اور نظم و ضبط کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ برس طویل عرصے کے بعد لاہور میں بسنت کا دوبارہ انعقاد کامیاب اور محفوظ رہا تھا۔ خطرناک اور دھاتی ڈور کے خلاف سخت اقدامات اور جامع حکمت عملی کے باعث شہریوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ بسنت منائی اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی کامیابی اور عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2027ء میں بسنت کو مزید بہتر، محفوظ اور منظم انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔






