پسند کی شادی پر تنازع شدید، 60 سے زائد گھر مسمار، سینکڑوں بے گھر

بدین کے علاقے گولاڑچی کے چک نمبر 5 میں پسند کی شادی کا تنازع بڑھ گیا ہے۔

متاثرین کے مطابق مسلح افراد نے ماچھی برادری کے 60 سے زائد گھروں کو مسمار کر کے پورا گاؤں خالی کرا دیا۔ گھروں سے لاکھوں روپے کا سامان اور مویشی بھی ساتھ لے گئے۔ اس واقعے کی وجہ سے 600 سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ندیم ماچھی اور عالیہ فاطمہ نے چند روز قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد یہ تنازع شروع ہوا۔ جوڑے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی مرضی سے شادی کی لیکن اس کی سزا پورے گاؤں کو دی جا رہی ہے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایس ایس پی بدین کو 12 درخواستیں دیں، تاہم ابھی تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہو سکی۔