کراچی (آئی این پی) ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 15 اگست صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔ حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم بھی دے دیا گیا ہے۔
ملک خدا بخش کے مطابق اگر حکومت نے ڈیلرز کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو پیٹرول پمپس پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ ڈیلرز نے پیٹرول پر اپنا مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ ڈیلرز کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور ایسوسی ایشن کے تقریباً 14 ہزار اراکین کا شدید دباؤ ہے۔ مطالبات پورے ہونے تک پیٹرول پمپس دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو پہلے ہی دو ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی جو اب مکمل ہو چکی ہے۔ مہلت ختم ہونے کے بعد حکومت کو خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ 14 ہزار ڈیلرز کا دباؤ موجود ہے۔
ملک خدا بخش نے مزید کہا کہ ڈیلرز نے اخلاقی بنیادوں پر 15 روز قبل اپنی ہڑتال واپس لی تھی کیونکہ انہیں امید تھی کہ حکومت ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی، تاہم اب صورتحال مزید انتظار کی متحمل نہیں۔






