عمران خان کی صحت سے متعلق خبریں انتہائی تشویشناک ، کے پی حکومت کا بڑا دعویٰ سامنے آ گیا

وزیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی صحت کے بارے میں حقائق فوری طور پر عوام کے سامنے لائے جائیں۔

شفیع جان نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی صحت کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھلواڑ ناقابلِ برداشت ہوگا۔ ان کے مطابق سابق وزیراعظم سے ملاقاتوں پر مسلسل پابندی وفاقی اور پنجاب حکومت کی آمرانہ طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فیملی، پارٹی قیادت، کارکنان اور عوام ان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ عمران خان کی بہنوں اور ذاتی معالجین کو فوری طور پر ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان کا علاج ذاتی معالجین کی نگرانی میں بہترین طبی سہولیات رکھنے والے اسپتال میں کرایا جائے۔

شفیع جان کے مطابق عمران خان کو گزشتہ نو ماہ سے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان کی فیملی، ذاتی معالجین اور سیاسی قیادت کو ان تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے ماضی میں نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ملنے والے ریلیف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومتوں کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بھی بنیادی طبی سہولیات اور ذاتی معالجین تک رسائی دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات اور طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی اقدام نہیں بلکہ ان کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق کا حصہ ہے۔

شفیع جان نے اعلان کیا کہ عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔