ای اسپورٹس ورلڈ کپ؛ پاکستان کے محمد زبیر نے بڑا ٹائٹل اپنے نام کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا

پاکستان کے محمد زبیر نے پیرس میں منعقدہ ٹیکن 8 ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 جیت کر ملک کے لیے ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔

محمد زبیر نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی ہائی لو کو 0-5 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں محمد زبیر نے اپنے پسندیدہ کردار ڈریگنوو جبکہ ہائی لو نے برائن فیوری کے کردار کے ساتھ مقابلہ کیا۔

عالمی چیمپئن بننے والے محمد زبیر کو ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ 3 لاکھ امریکی ڈالرز، یعنی 8 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد کی انعامی رقم بھی دی گئی۔

محمد زبیر نے 0-5 سے شاندار کامیابی کے بعد اپنی فتح کا راز سخت محنت، لگن اور پاکستان میں کی جانے والی بھرپور پریکٹس کو قرار دیا۔

محمد زبیر کے مطابق انہیں مکمل یقین تھا کہ وہ یہ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اور محنت، لگن اور مسلسل پریکٹس کی بدولت وہ عالمی اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان میں کافی عرصے سے بھرپور پریکٹس کررہے تھے اور ان کے ایک خاص دوست نے بھی ان کے ساتھ کھیلنے اور تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد زبیر نے اپنے دوست کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ای اسپورٹس ورلڈ کپ جیتنے کی خبر سن کر ان کا دوست بھی بہت خوش ہوگا۔

محمد زبیر نے فائنل میں پہنچنے کے لیے سیمی فائنل میں پاکستان کے معروف ٹیکن اسٹار ارسلان ایش کو شکست دی تھی۔ انہیں ای سی ڈبلیو میں جگہ بنانے کے لیے لاسٹ چانس کوالیفائر میں بھی حصہ لینا پڑا تھا۔

سیمی فائنل میں محمد زبیر نے ارسلان ایش کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں 4-5 سے شکست دے کر گرینڈ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

پاکستان کے مایہ ناز ای اسپورٹس کھلاڑی ارسلان ایش، جن کا اصل نام ارسلان صدیق ہے، ٹیکن کی دنیا میں 8 مرتبہ عالمی چیمپئن بن کر تاریخ رقم کرچکے ہیں۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 2019 میں جاپان میں ٹیکن 7 کا عالمی ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنائی تھی۔

اب محمد زبیر نے ٹیکن 8 ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر مزید روشن کردیا ہے، جبکہ ارسلان ایش کے بعد محمد زبیر کی کامیابی نے پاکستانی ای اسپورٹس کے عالمی میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہے۔