پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن انڈر 17 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل میں عمیر عارف نے سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ کو 3-2 سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں عمیر عارف نے ابتدائی گیم 4-11 سے ہارنے کے بعد شاندار کم بیک کیا اور اگلی دو گیمز 11-6 اور 11-5 سے جیت لیں۔
انگلش کھلاڑی نے چوتھی گیم میں 11-9 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، تاہم عمیر عارف نے فیصلہ کن پانچویں گیم میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-4 سے کامیابی حاصل کی اور ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن انڈر 17 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
عمیر عارف اس سے قبل ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
نوجوان کھلاڑی بِلکِس اینڈ عبدالرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے فیلو بھی ہیں، جہاں انہیں اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے اور نکھارنے کے لیے معاونت حاصل ہے۔






