ویمن ایشیا ٹی 20 کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت میچ کی تاریخ سامنے آگئی

ایشیئن کرکٹ کونسل نے چھٹے ویمن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے حتمی ڈراز اور شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

ویمن ایشیا کپ 28 اگست سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا۔ گروپ مرحلے کے بعد دونوں ٹیمیں فائنل میں بھی ایک بار پھر آمنے سامنے آ سکتی ہیں۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں گروپ اے میں عالمی چیمپئن بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش، میزبان متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کو رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان ویمن ٹیم اپنا پہلا گروپ میچ یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 5 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گی۔ قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ چین کے خلاف کھیلے گی۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر کو گروپ اے کی سرفہرست ٹیم اور گروپ بی کی دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 ستمبر کو گروپ بی کی ٹاپ ٹیم اور گروپ اے کی رنر اپ ٹیم کے درمیان ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔