بارشوں سے کتنانقصان ہوا؟پی ڈی ایم اے نےفیکٹ شیٹ جاری کردی

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کردی ہے، جس میں حالیہ بارشوں اور ان کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلات شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ بارشوں کے باوجود پیشگی انتظامات اور ضروری مشینری کی دستیابی کے باعث کم سے کم وقت میں نکاسی آب یقینی بنائی گئی۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر 114 ملی میٹر جبکہ فیصل آباد میں 13 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے میں دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 99 فیصد، منگلا ڈیم میں 64 فیصد، تھین ڈیم میں 50 فیصد جبکہ بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 43 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ندی نالوں، دریاؤں اور دیگر نشیبی علاقوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔

ذرائع کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 54 شہری جاں بحق جبکہ 328 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔