کیا تعلیمی ادارے 31 اگست تک بند ہونے جا رہے ہیں؟ اہم خبر آگئی

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات اپنے اختتام کے قریب ہیں، جس کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں طلبہ کی واپسی کی تیاریاں جاری ہیں۔

تاہم جاری مون سون بارشوں کے باعث گرمیوں کی تعطیلات میں ممکنہ توسیع سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ آیا سکول یکم ستمبر 2026 تک بند رہیں گے یا مقررہ شیڈول کے مطابق کھل جائیں گے۔

موجودہ شیڈول کے مطابق پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات 23 اگست 2026 کو ختم ہوں گی، جبکہ سرکاری اور نجی سکول 24 اگست سے دوبارہ کھلنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق فی الحال 23 اگست کے بعد تعطیلات میں توسیع کی کوئی تجویز یا رپورٹ زیرِ غور نہیں ہے۔ تاحال پنجاب حکومت کی جانب سے بھی گرمیوں کی تعطیلات بڑھانے کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں صوبے کے دریاؤں میں کسی بڑے سیلابی خطرے کی پیش گوئی بھی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ سکول مقررہ شیڈول کے مطابق 24 اگست سے کھل جائیں گے۔

البتہ تعطیلات میں کسی بھی قسم کی توسیع یا شیڈول میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ پنجاب حکومت ہی کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے سکول 31 اگست 2025 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔