**کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں جماعت اسلامی کے احتجاج اور دھرنوں کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔**
ٹریفک پولیس کے مطابق ایک سیاسی جماعت کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج اور دھرنوں کا امکان ہے، جبکہ مرکزی ریلی مزارِ قائد سے شروع ہوگی۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف اضلاع میں بھی احتجاجی سرگرمیاں متوقع ہیں۔
احتجاج کے باعث مزارِ قائد، نمائش، صدر، شاہراہِ فیصل، شارعِ پاکستان، یو پی موڑ، پاور ہاؤس چورنگی، ڈیفنس، سی ویو، شارعِ اورنگی، حب ریور روڈ، سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے سمیت مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے، سست روی اور بعض مقامات پر عارضی ٹریفک ڈائیورشن یا سڑکوں کی جزوی بندش کا امکان ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں، سفر سے قبل متبادل راستوں کا انتخاب کریں، اضافی سفری وقت رکھیں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ ہنگامی امدادی گاڑیوں کو راستہ دینے میں بھی تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال اور رہنمائی کے لیے شہری کراچی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن **1915** پر رابطہ کر سکتے ہیں اور **FM 88.6** سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔






