ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شرکت کی۔ سعودی ولی عہد نے مکہ مکرمہ میں معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ خطے اور عالمی امن و استحکام سے متعلق اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان “مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ” پر دستخط کیے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی عکاسی کرتا ہے اور اسے علاقائی و عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع اور مشترکہ سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
معاہدے میں دفاعی شعبے میں ہر سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اجلاس میں اسلامی یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ تینوں ممالک نے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔






