خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں۔
بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع دیر میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 2 دہشت گرد مارے گئے، جس کے بعد دونوں آپریشنز میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ وہ علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔






