لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کر دی۔
درخواست پر سماعت جسٹس مرزا وقاص رئوف نے کی۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ سیکڑوں طلبہ اس وقت ایف ایس سی کے عملی (پریکٹیکل) امتحانات دے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں ایم ڈی کیٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں مل سکا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی )کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طلبہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینے کے اہل ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ایف ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات کی وجہ سے طلبہ کو تیاری کا مناسب موقع نہیں ملا، جس سے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے، عدالت کے باہر بڑی تعداد میں طلبہ موجود ہیں جو امتحان ملتوی کیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اس پر عدالت نے ریمارکس دئیے ہمارے سامنے صرف ایک درخواست گزار ہے، آپ سب کا ٹھیکہ کیوں لے رہے ہیں؟دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔






