میکسیکو میں ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کو ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیزر گاستیلم کے ٹک ٹاک پر پانچ لاکھ سے زائد فالوورز تھے، جہاں وہ مزاحیہ ویڈیوز، روزمرہ زندگی کے دلچسپ لمحات اور تفریحی مواد شیئر کرتے تھے۔ انسٹاگرام پر بھی وہ سفر، مہنگی گاڑیوں اور اپنی نجی زندگی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق سیزر گاستیلم شمالی ریاست سینالوا کے دارالحکومت کولیاکان کے علاقے ٹریس ریوس میں ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر دوستوں کے ساتھ ٹک ٹاک پر لائیو ویڈیو بنا رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد وہاں پہنچے۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے قریب سے ان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دونوں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حملے کے وقت سیزر اور ان کے دوست نارنجی رنگ کی وہ جیکٹس اور بیگ پہنے ہوئے تھے جو عام طور پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز استعمال کرتے ہیں۔ ابتدائی طور پر پولیس نے انہیں ڈیلیوری ورکر سمجھا، تاہم بعد میں ان کی اصل شناخت سامنے آئی۔
پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول، قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔






