اسلام آباد ٹریفک پولیس کا انتباہ، جعلی ای چالان پیغامات سے ہوشیار رہیں

اسلام آباد (آئی این پی): اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جعلی ای چالان پیغامات اور آن لائن فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری جعلی ویب سائٹس، مشکوک لنکس اور غیر مصدقہ ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات سے ہر صورت محتاط رہیں اور ایسے پیغامات میں موجود کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر کسی شہری کو مشکوک یا جعلی ای چالان کا پیغام موصول ہو تو وہ فوری طور پر اس کی اطلاع اسلام آباد ٹریفک پولیس یا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو دے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ای چالان کی جانچ اور تصدیق صرف سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے ہی کریں اور غیر مصدقہ ذرائع پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔