اسلام آباد (آئی این پی): اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں ہتکِ عزت کا دعویٰ منظور کرتے ہوئے مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی کمیشن کے الزامات عدالت میں ثابت نہیں ہو سکے، لہٰذا یہ الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مراد سعید کے متنازع بیانات سے احسن اقبال کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوا اور عوام میں ان کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ الزامات ان کی دیانت، کردار اور شہرت پر براہِ راست حملہ تھے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگرچہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، تاہم دستیاب شواہد کی روشنی میں یہ رقم حد سے زیادہ قرار دی گئی، اس لیے 25 لاکھ روپے ہرجانے کا حکم دیا گیا۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ مراد سعید نہ تو خود عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت فراہم کر سکے۔
واضح رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں احسن اقبال پر ملتان۔سکھر موٹروے منصوبے میں کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔






