ساحل پر وائٹ شارک کی حیرت انگیز چھلانگ، ویڈیو وائرل

واشنگٹن (آئی این پی): امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل پر وائٹ شارک کی پانی سے باہر بلند چھلانگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سورین اسٹیونسن نیوپورٹ بیچ پر اپنے عزیز کی سرفنگ کی ویڈیو بنا رہے تھے کہ اسی دوران ایک وائٹ شارک اچانک پانی سے باہر اچھلی، جس کا منظر کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

اسٹیونسن نے بتایا کہ ویڈیو ریکارڈ کرتے وقت انہیں شارک کا علم نہیں تھا، تاہم بعد میں فوٹیج دیکھنے پر وہ شارک کی اچانک چھلانگ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

میرین بائیولوجی کے پروفیسر اور کیل اسٹیٹ لانگ بیچ شارک لیب کے ڈائریکٹر کرسٹوفر لو کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی شارک غالباً ایک کم عمر وائٹ شارک ہے، جو سمندر میں قدرتی انداز میں حرکت اور کھیل رہی تھی۔

امریکی ادارے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) کے مطابق وائٹ شارک دنیا بھر کے معتدل اور ذیلی ٹراپیکل سمندری پانیوں میں پائی جاتی ہے اور پانی کے درجہ حرارت کے مطابق نقل مکانی بھی کرتی ہے۔

وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ 2026 کے ایل نینو موسمی پیٹرن اور سمندری پانی کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث جنوبی کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب وائٹ شارکس کی موجودگی میں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔