نوشکی (آئی این پی): بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد ٹارگٹڈ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) برآمد کر کے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔






