سپریم کورٹ کا مرحوم ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور مراعات سے متعلق اہم فیصلہ

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے مرحوم ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور مراعات کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات کی قانونی حق دار صرف بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص ہی ہو سکتا ہے، بہن بھائی نہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ محض قانونی وارث ہونا بہن بھائیوں کو متوفی ملازمین کی پنشن کا حق دار نہیں بناتا، اور پنشن کی ادائیگی صرف متعلقہ قوانین اور ادارے کے طے شدہ رولز کے مطابق ہی ممکن ہے۔

یہ 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تحریر کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس فیصلے کے ساتھ فوت شدہ پیسکو ملازم کے بہن بھائیوں کی جانب سے وراثت نامہ جاری کرنے کی اپیل خارج کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔