راولپنڈی (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر میں حکومت ہے، کیا ان کی حکومت ان کے خلاف دھاندلی کر رہی ہے؟۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیئر بخاری 2 بیلٹ پیپر دکھا کر دھاندلی کا کہہ رہے ہیں، یہ ہزاروں کا الیکشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ تسلیم کر لیں پیپلز پارٹی کی آزاد کشمیر حکومت بلاول بھٹو کے خلاف دھاندلی کر رہی ہے۔ مان لیں آزاد کشمیر اور پنجاب کے لوگوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا۔
پنجاب کی سینئر وزیر نے کہا کہ صبح ووٹ دینے کا وقت شروع ہوا تو تب ہی کہا جا رہا تھا کہ دھاندلی ہو رہی ہے۔ الزام لگانے سے الیکشن نہیں جیتے جاتے، ووٹ سے الیکشن جیتے جاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفات گولی سے نہیں ہوئی، کیا اب آپ گولیوں پر سیاست کریں گے؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کارکردگی دکھائے گی تو وہاں کے عوام کو ریلیف ملے گا۔ آپ نے پرچے کی تیاری نہیں کی تو امتحانی ہال کو تالا لگا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مان لیں اس بات کو کہ مسلم لیگ (ن) نے کارکردگی دکھائی ہے اور عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ یقین نہیں آ رہا تھا کہ گولیوں اور دھاندلی کی گفتگو پیپلز پارٹی والے کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی والے اپنی حکومت پر دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، بلاول بھٹو کی گزشتہ روز تقریر سنی، وہ کس قسم کی باتیں کر رہے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کو عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے تو الیکشن کمیشن اور ٹریبونل موجود ہیں، وہاں چیلنج کریں۔ آپ الیکشن لڑیں، روئیں مت، آپ کا ووٹر آپ کا بیانیہ مسترد کر چکا ہے۔






