ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان میں کوئی صداقت نہیں، تہران

تہران (آئی این پی) ایران کے سرکاری ذرائع نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے امریکا سے نئی فوجی کارروائیاں نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نے فوجی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی فوجی حکام نے کہا کہ امریکا سے حملے روکنے کی کوئی درخواست نہیں کی گئی اور اس حوالے سے سامنے آنے والے دعوے کو انہوں نے ایک نیا جھوٹ قرار دیا۔

ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

حکام کے مطابق ایران کی دفاعی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اگر کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔