نوجوانوں کے لیے بڑا سرپرائز! یوتھ کارڈ کا افتتاح

کراچی (آئی این پی) سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کیلئے “سندھ یوتھ کارڈ” کے اجرا کا عمل مکمل کر لیا۔

وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ سندھ یوتھ کارڈ کا باقاعدہ افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ اگست کے آخری ہفتے میں کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر کھیل نے بتایا کہ یہ اقدام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو سندھ یوتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لیے تعلیمی اسکالرشپس، بلا سود قرضے اور مالی معاونت شامل ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ جاز بینک کے ذریعے جاری کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، مالی معاونت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔