ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف سخت ایکشن کا آغاز

لاہور (این آئی) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے ہر گاڑی اور موٹر سائیکل کا ریکارڈ لازمی چیک کیا جائے اور 100 فیصد چیکنگ کے ساتھ مؤثر انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان اور ایکسائز ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ سے محروم گاڑیوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام اضلاع میں بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ سڑکوں پر محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔