پولنگ کے آغاز سے ہی دھاندلی کا واویلا شروع کیا گیا، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو غلط معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، آزاد کشمیر کے انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے اور پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔

وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے بھرپور انداز میں ووٹنگ میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے پولنگ کے آغاز سے ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیے تھے، ابتدا میں 13 نشستوں پر دھاندلی کا دعویٰ کیا گیا، جبکہ شام 6 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود تمام ووٹرز کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے ایک گھنٹے کا اضافی وقت بھی دیا گیا، جبکہ پیپلز پارٹی نے میرپور ڈویژن میں انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کسی قسم کا اعتراض نہیں اٹھایا۔ ان کے بقول بعد میں پیپلز پارٹی نے صرف میرپور ڈویژن کی دو نشستوں پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران صرف تین واقعات پیش آئے، جن میں ایک واقعہ صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کے پولنگ اسٹیشن پر پیش آنے والی تلخ کلامی کا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اسے قاتلانہ حملہ قرار دیا، تاہم ان کے مطابق چوہدری لطیف اکبر پر حملہ ذاتی تنازعے کا نتیجہ تھا اور ان کا مخالف فریق سے دو سے ڈھائی سال سے اختلاف چلا آ رہا ہے۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے مشتاق احمد کے حوالے سے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے کارکن نہیں تھے۔ ان کے بقول مشتاق احمد کو مبینہ طور پر ان کے بھانجے نے دھکا دیا تھا، انہیں گولی نہیں لگی، اور گھر پہنچنے کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا۔

انہوں نے بلاول بھٹو سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب، آپ پڑھے لکھے ہیں، آپ کو بہت آگے جانا ہے، گمراہ نہ ہوں۔ پیپلز پارٹی کے بعض افراد انہیں غلط حقائق سے آگاہ کر رہے ہیں، اس لیے حقائق کو سامنے رکھ کر موقف اختیار کیا جانا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والا ایک رکن قومی اسمبلی آزاد کشمیر میں کیا کرنے گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موجودہ رویہ افسوسناک ہے۔