لاہور (آئی این پی) پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کے باعث لنکا پریمیئر لیگ چھوڑ کر وطن واپس آ گئے۔
شاہین آفریدی کا ایونٹ کے دوران اپنی ٹیم کینڈی رائلز کے ساتھ 19 جولائی کے میچ میں شامل نہ کیے جانے پر اختلاف بھی ہوا تھا۔
کولمبو کیپٹلز کے خلاف ہونے والے میچ میں انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر کھلانے کا کہا گیا، لیکن آفیشل ٹیم شیٹ میں ان کا نام ہی شامل نہیں تھا، جس پر شاہین آفریدی نے ناراضی کا اظہار کیا۔
کینڈی رائلز انتظامیہ نے اس پر شاہین آفریدی سے معذرت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اینالسٹ کی غلطی کی وجہ سے ان کا نام فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا تھا۔
انتظامیہ کی معذرت کے بعد شاہین آفریدی بقیہ میچز میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے لیگ کے 6 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کینڈی رائلز لنکا پریمیئر لیگ کے پلے آف مرحلے میں پہنچی تو شاہین شاہ آفریدی دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔






