اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب پیر زکوڑی پل کے مقام پر پولیس وین کو نشانہ بنا کر نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس وین کا ڈرائیور اور ایک کانسٹیبل معمولی زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی سرچنگ شروع کر دی۔
ایس ایس پی فرحان خان کے مطابق آئی ای ڈی سڑک کنارے گرین بیلٹ میں نصب کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل یونٹ ممکنہ مزید بارودی مواد کی موجودگی کے حوالے سے علاقے کی تلاشی لے رہا ہے۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ایمرجنسی ٹیمیں بھی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سکندر شیرپاؤ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مسلسل واقعات امن و امان کی صورتحال کے لیے بڑا چیلنج ہیں، جن کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔






