کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح گیس کی غیر معمولی بو محسوس ہونے پر شہریوں میں تشویش پھیل گئی، جس پر سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے وضاحت جاری کر دی۔
شہریوں کی جانب سے محمود آباد، منظور کالونی، کارساز، اسٹیڈیم روڈ اور اطراف کے علاقوں میں گیس کی تیز بو محسوس ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔
ایس ایس جی سی کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب نئی گیس پائپ لائن کو فعال کرنے کے عمل کے دوران اوڈورائزیشن پلانٹس کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے، جس کے باعث گیس میں معمول سے زیادہ اوڈرنٹ شامل کیا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے بعض علاقوں میں گیس کی بو زیادہ محسوس ہو رہی ہے اور یہ کسی گیس لیکیج کا نتیجہ نہیں بلکہ ٹیسٹنگ کے عمل کا حصہ ہے۔
ایس ایس جی سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اطمینان رکھیں اور معمولات جاری رکھیں، جبکہ کمپنی نے واضح کیا کہ اس حوالے سے موصول ہونے والی شکایات ٹیسٹنگ کے باعث پیدا ہونے والی بو سے متعلق ہیں۔






