پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، مریم نواز

لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس اور ترقی میں آگے ہے، پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ہونہار اور ہمت والی بیٹیوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، بچیوں کے درمیان کھڑے ہو کر فخر اور جذبات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں نے 40 ہفتوں کی ٹریننگ مکمل کی۔

انہوں نے کہا کہ بچیوں پر یقین کرنے والے والدین قابل تحسین ہیں، خواتین تمام اداروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، پنجاب میں خواتین بااختیار بن رہی ہیں، یہ میرے لیے فخر کا مقام ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ وردی پہننا آسان نہیں، فرائض کا احساس لازمی ہے۔ پنجاب میں بچیاں سکوٹی سہولت سے مستفید ہو رہی ہیں، خواتین آج باآسانی ٹیکسی چلا کر روزگار کما رہی ہیں، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب آج ہر شعبے میں سبقت لے گیا ہے، پنجاب جس طرح چل رہا ہے اس کی مثال پوری دنیا دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، پنجاب خواتین کے لیے محفوظ صوبہ ہے، کرائم ریٹ کم ہو گیا ہے، ہمیں پنجاب کے گلی محلوں کو بیٹیوں کے لیے محفوظ بنانا ہے، پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئی جی پنجاب سے درخواست ہے کہ خواتین کی بھرتی کا عمل مزید آسان بنایا جائے۔ میں پولیس سے براہ راست رابطہ رکھتی ہوں، دفتر کے ذریعے نہیں۔ ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے جو مستقبل میں کارآمد ثابت ہوگی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پریڈ دیکھنے کے لیے آئے شہریوں کی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلایا، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی پولیس افسران نے پریڈ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔