اسلام آباد (آئی این پی) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزے کے حصول پر نئی شرط عائد کر دی ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق اب یو اے ای کے ورک ویزے کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے تمام پاکستانی ملازمت کے ویزا درخواست گزاروں کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے، جبکہ اس پالیسی پر 20 جولائی سے عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔
ویزے کی درخواست دینے کے خواہشمند افراد پاکستان میں متعلقہ اتھارٹی سے گڈ کنڈکٹ (پولیس کریکٹر) سرٹیفکیٹ حاصل کریں اور پاکستان میں یو اے ای کے سفارتخانے سے اس کی تصدیق بھی کرائیں۔
یو اے ای جانے کے تمام خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا پیچیدگی سے بچا جا سکے۔






