ملازمت پیشہ افراد اور طلبہ کے لیے خوشخبری؛ اگست میں چھٹیاں ہی چھٹیاں

پاکستان میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کے لیے اگست کا مہینہ متعدد تعطیلات لے کر آ رہا ہے۔ کیلنڈر کے مطابق اس ماہ دو وفاقی سرکاری تعطیلات متوقع ہیں، جبکہ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کو شامل کر کے بعض افراد کو مجموعی طور پر 12 چھٹیاں مل سکتی ہیں۔

سال 2026 کے کیلنڈر کے مطابق اگست میں دو عام سرکاری تعطیلات متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ مہینے میں پانچ ہفتے اور پانچ اتوار ہونے کی وجہ سے مجموعی طور پر 10 ہفتہ وار تعطیلات بھی ہوں گی۔

جن سرکاری اور نجی اداروں میں ہفتہ اور اتوار دونوں روز تعطیل ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو اگست میں مجموعی طور پر 12 چھٹیاں مل سکتی ہیں۔ جبکہ صرف اتوار کو تعطیل رکھنے والے اداروں کے ملازمین کو پانچ اتوار اور دو سرکاری تعطیلات سمیت مجموعی طور پر سات چھٹیاں حاصل ہوں گی۔

رواں سال یومِ آزادی 14 اگست بروز جمعہ منایا جائے گا، جس کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کے باعث ایسے ملازمین اور طلبہ، جنہیں دونوں دن تعطیل ہوتی ہے، انہیں 14، 15 اور 16 اگست کو مسلسل تین روزہ طویل ویک اینڈ میسر آئے گا۔

دوسری متوقع سرکاری تعطیل عید میلاد النبی ﷺ کی ہے، جو ہجری کیلنڈر کے مطابق 25 یا 26 اگست کو متوقع ہے۔ اس تعطیل کی حتمی تاریخ چاند نظر آنے پر منحصر ہوگی۔

اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوئی تو 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ ہوگی، جبکہ عید میلاد النبی ﷺ کی سرکاری تعطیل کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد 13 اگست کی شام کو کیا جائے گا۔