بھارت کی کسی بھی حماقت کا سخت جواب ملے گا، خواجہ آصف

اسلام آباد (آئی این پی): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں شکست کے بعد بھارتی قیادت کی بیان بازی کی کوئی اہمیت نہیں۔ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت یا ایڈونچر کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور “جو کسر رہ گئی تھی وہ بھی پوری کر دی جائے گی”۔

ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع کے پاکستان اور آزاد کشمیر سے متعلق بیان کو بھارت کی اندرونی سیاسی مجبوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں طلبہ کی احتجاجی تحریک کے باعث مودی حکومت شدید دباؤ کا شکار ہے، اسی لیے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں جاری احتجاجی تحریک نے مودی حکومت کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور اس کے نتیجے میں بھارتی وزیر تعلیم بھی استعفیٰ دے چکے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کے اندرونی حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ معرکۂ حق میں بھارت کی شکست پوری دنیا نے دیکھی اور تسلیم کی۔ ان کے بقول بھارت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ایسے بیانات دے رہا ہے، تاہم ان کی کوئی وقعت نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ اگر بھارت مکمل جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے تو پاکستان بھی بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ماضی میں بھی بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ مذاکرات کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آتے۔ ان کے مطابق معاملات عزت اور وقار کے ساتھ طے ہونا بہتر ہوتے ہیں اور سفارتکاری ہمیشہ پہلا آپشن ہونی چاہیے، تاہم اس وقت ایسی کوئی فضا موجود نہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت پراکسیز اور تیسرے فریق کے ذریعے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کا ہاتھ ہے، جبکہ افغانستان بھی اس “گندے کھیل” میں شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

close