خبردار!!! مون سون بارشوں کے نئے طاقتور سسٹم کی پیشگوئی، کب اور کہاں کہاں بارشیں ہوں گی ؟ جانئے

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے ملک میں مون سون کے ایک طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تاہم 28 جولائی سے قبل وسیع پیمانے پر سیلابی صورتحال کا امکان نہیں، جبکہ 29 جولائی سے مون سون کا طاقتور اسپیل اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریاؤں کی مجموعی صورتحال فی الحال قابو میں ہے، تاہم دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم اور کابل میں کم درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے، جبکہ دریائے سندھ آئندہ 48 گھنٹوں تک کم درجے کی سیلابی کیفیت میں رہ سکتا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر اور گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ دو روز کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین اور سانگھڑ میں درمیانی سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور موسلادھار بارشوں کا سبب بن سکتی ہیں، جس کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے، اربن فلڈنگ اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

close