لاہور (آئی این پی): پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے میٹرو اور الیکٹرک بس سروسز کے لیے کیش لیس ادائیگی کا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت مسافر بغیر نقد رقم اور طویل قطاروں میں کھڑے ہوئے سفر کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
حکومت پنجاب نے ای ٹرانزٹ پنجاب موبائل ایپ اور ٹی کیش کارڈ کو پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک سے منسلک کر دیا ہے، جس کے ذریعے مسافر میٹرو اور الیکٹرک بس سروسز کا کرایہ ڈیجیٹل طریقے سے ادا کر سکیں گے۔ حکام کے مطابق یہ پاکستان میں اندرونِ شہر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا کیش لیس نظام ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) نے بتایا کہ یہ اقدام پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (PMTA) کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق الیکٹرانک کرایہ وصولی کا نظام نقد ادائیگی اور ٹوکن خریدنے کی ضرورت ختم کر کے سفر کو زیادہ تیز، محفوظ اور آسان بنائے گا۔ مسافر ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ٹی کیش کارڈ یا ای ٹرانزٹ پنجاب موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے میٹرو اور الیکٹرک بس سروسز سے استفادہ کر سکیں گے۔
پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ یہ اقدام پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ، تیز اور سہل سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






