//

آزاد کشمیر انتخابات سے قبل اہم پیش رفت، ایم کیو ایم پاکستان ن لیگ کے حق میں دستبردار

کراچی (آئی این پی): آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے اپنے امیدوار کو مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار کرنے کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کی قیادت میں پارٹی وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا، جہاں ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی گئی۔ وفد میں وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی اور امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے۔

ملاقات میں آزاد کشمیر انتخابات، سندھ کی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات اور انتخابی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایک بار پھر ایم کیو ایم سے آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کی درخواست کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے اور باہمی اشتراک عمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آزاد کشمیر میں اپنا امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مشترکہ امیدوار کی کامیابی کے امکانات بڑھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کے سامنے آئینی ترمیم اور سندھ کی گورنر شپ کا مطالبہ بھی دہرایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی گورنر شپ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ ہے اور یہ منصب جماعت کو واپس ملنا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم مشترکہ طور پر کامیابی حاصل کریں گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ دونوں جماعتیں مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ گورنر سب کا گورنر ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close