لاہور (آئی این پی): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق خود کو بھی تبدیل کرنا ہوگا، جبکہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس پالیسی اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بہتری کے لیے نئے ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات اور کیش لیس معیشت کے فروغ پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور تمام شراکت داروں کے تعاون سے ادارے میں مثبت تبدیلی لائی جائے گی۔ ان کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر اصلاحاتی پروگرام نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس میں تعاون کرنے والے تمام شراکت دار قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت اور مارکیٹ کی صورتحال میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا دور ہے اور ایف بی آر کے افسران کو جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی اور سیمنٹ کے شعبوں سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں کے تعاون سے قومی ڈیٹا بیسز کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






