//

پٹرول سستا کرو، لیوی ختم کرو، ملک گیر احتجاج ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

لاہور (آئی این پی): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمت فوری طور پر کم کی جائے اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کو “جگا ٹیکس” اور عوام پر “ڈاکا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 اگست کو ہونے والا احتجاج پاکستان میں عوامی مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے طلبہ، نوجوانوں، موٹرسائیکل سواروں، ڈیلیوری بوائز، کورئیر سروس سے وابستہ افراد، مزدوروں، کسانوں اور دیگر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پرامن سیاسی مزاحمت کے ذریعے عوام اپنے حقوق حاصل کریں گے اور حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close