//

اجازت نہ ملی ، پیپلزپارٹی نے مینار پاکستان سے جلسے کا مقام تبدیل کردیا ، اب جلسہ کہاں ہو گا ؟

پیپلز پارٹی کا مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہ ملنے پر گورنر ہاؤس میں پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد گورنر ہاؤس لاہور میں پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پارٹی نے آج گورنر ہاؤس میں ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصل میر نے کہا کہ مریم نواز کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے زبانی اجازت کی یقین دہانی کے بعد پیپلز پارٹی گزشتہ دو روز سے مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں کر رہی تھی، حتیٰ کہ اسٹیج بھی تیار کرلیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح بتایا گیا کہ جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، جبکہ اس وقت پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکن مینار پاکستان پر موجود تھے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پارٹی قیادت نے ہدایت دی کہ جلسے کا مقام تبدیل کرکے گورنر ہاؤس میں ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے۔

پیپلز پارٹی لاہور کے صدر نے کہا کہ جلسے کے لیے 8 جون کو درخواست دی گئی تھی، اس کے باوجود اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جہاں جہاں پارٹی کے جلسے کے بینرز لگائے گئے، انہیں آدھے گھنٹے کے اندر اتار دیا گیا۔

اس سے قبل مینار پاکستان جلسے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور حکومت کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جس میں دونوں جماعتوں نے مذاکرات کے ذریعے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے لاہور کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری احمد گھمن اور آفس سیکریٹری عاطف کھوکھر کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم پولیس نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے گرفتاری سے انکار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close