نئی دہلی (آئی این پی): بھارت میں جاری طلبہ احتجاج کے دوران کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر سمیت متعدد معروف کھلاڑی طلبہ کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں اور حکومت سے شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی تعلیمی نظام کے لیے مؤثر اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔
سچن ٹنڈولکر، اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا، سابق کرکٹرز یوراج سنگھ، شیکھر دھون، محمد کیف، اولمپک میڈلسٹس میرابائی چانو، ونیش پھوگاٹ اور منو بھاکر نے مختلف بیانات میں طلبہ کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی نظام میں شفافیت پر زور دیا۔
سچن ٹنڈولکر نے اپنے مرحوم والد، جو پیشے کے اعتبار سے پروفیسر تھے، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ناکامی قابلِ قبول ہے لیکن دھوکہ دہی نہیں، کبھی بھی شارٹ کٹ اختیار نہ کریں۔” انہوں نے کہا کہ معاشرے کو ایسی اقدار کو فروغ دینا چاہیے جہاں محنت کو نتائج پر ترجیح دی جائے اور طلبہ کو یقین ہو کہ ان کی محنت کا صلہ میرٹ کی بنیاد پر ملے گا۔
اولمپک چیمپئن ابھینو بندرا نے کہا کہ تعلیم کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے اور یہ ایسا معاملہ ہے جس پر ہر شہری کو یکساں فکر ہونی چاہیے۔
اولمپک سلور میڈلسٹ میرابائی چانو نے بھی مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر طلبہ اپنے حقوق اور شفاف نظام کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں تو ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔
سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے کہا کہ ہر طالب علم کو محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنے خواب پورے کرنے کا حق حاصل ہے، جبکہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔
سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے طلبہ پر پولیس کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام کی خامیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر طاقت کا استعمال بند ہونا چاہیے اور اس مسئلے کا جلد پرامن حل نکالا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






