//

5 اگست کا جلسہ فیصلہ کن ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور (آئی این پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل اور فیصلہ کن ہوگا، جس میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 5 اگست کے جلسے کی تیاریوں کے لیے تمام پارلیمانی اراکین کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ عوام کی سہولت کے پیش نظر جلسے کا مقام بھی تبدیل کرکے پشاور موٹروے کے قریب کھلے میدان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر 2025 سے مسائل کے حل کے لیے تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے گئے اور افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات سلجھانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، تاہم ان کوششوں کا مثبت جواب نہیں ملا۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا، کیونکہ بطور وزیراعلیٰ اپنی جماعت کے قائد سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ان کے مطابق صوبے کے فیصلے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دیا، اس مینڈیٹ کو مسترد کرنا ساڑھے چار کروڑ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاق خیبرپختونخوا کی منتخب حکومت کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری جیسا سلوک کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، بہنوں اور ذاتی ڈاکٹروں کو ملاقات اور بہترین طبی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی غیرجانبدار تحقیقات سے حقائق سامنے آ جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، اس لیے اب پرامن احتجاج ہی آخری آئینی راستہ ہے، جبکہ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close