لاہور (آئی این پی): مطالبات تسلیم نہ ہونے پر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ اس فیصلے کا اعلان لاہور چیمبر آف کامرس میں ہونے والے اجلاس کے بعد کیا گیا۔
منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد نے مرکزی صدر تنویر احمد جٹ کی قیادت میں صدر لاہور چیمبر سے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور حکومتی وعدوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صدر لاہور چیمبر نے مطالبہ کیا کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیا جائے، نان کسٹم پیڈ مال کی صورت میں گاڑی کے بجائے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے، جبکہ ٹوکن ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ بھی واپس لیا جائے کیونکہ اس سے ٹرانسپورٹرز پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
اس موقع پر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر تنویر احمد جٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی یقین دہانی پر پہلے ہڑتال ختم کی گئی تھی، تاہم حکومت نے اپنے وعدوں میں سے ایک پر بھی عمل نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کی گڈز ٹرانسپورٹ تنظیموں سے مشاورت کے بعد دوبارہ پہیہ جام ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے مذاکرات کے لیے صدر لاہور چیمبر کو ثالث تسلیم کر لیا ہے۔
تنویر احمد جٹ نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور ملک گیر ہڑتال پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






