بالی ووڈ کے تین بڑے سپر اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان نئی دہلی میں جاری طلبہ احتجاج پر خاموش رہنے کے باعث تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ ملک کے بااثر فنکار ہونے کے باوجود ان تینوں اداکاروں نے نہ صرف حالیہ طلبہ احتجاج بلکہ کسان تحریک، شہریت ترمیمی قانون (CAA)، #MeToo تحریک اور دیگر اہم قومی معاملات پر بھی کھل کر کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا، جس کی وجہ سے ان کی خاموشی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا میں اس معاملے پر بحث جاری ہے کہ آیا بالی ووڈ سیاسی اور سماجی معاملات پر پہلے کے مقابلے میں زیادہ کھل کر اظہارِ رائے کر رہا ہے یا فلمی صنعت اب بھی بڑے ستاروں کی خاموشی اور چند آوازوں کے احتجاج کے درمیان منقسم ہے۔
دارالحکومت نئی دہلی میں نیشنل ایلیجیبلیٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (NEET) میں مبینہ بے ضابطگیوں، تعلیمی اصلاحات اور وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر مختلف طلبہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔
مظاہروں کے دوران سماجی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال بھی جاری رہی، جبکہ پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا۔
اپوزیشن رہنما راہول گاندھی بھی احتجاج میں شریک ہوئے، جنہیں مختصر وقت کے لیے حراست میں لیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






