//

پیٹرول اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج، جاوید قصوری

لاہور (آئی این پی): امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی کی عوامی تحریک کا دوسرا مرحلہ 7 اگست سے ملک گیر احتجاج، دھرنوں اور سڑکوں کی بندش کی صورت میں شروع ہوگا۔

منصورہ میں احتجاجی تحریک کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے میدان میں ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں نے عام شہری کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ حکمران طبقہ اپنی مراعات اور شاہانہ پروٹوکول میں مصروف ہے۔

اجلاس میں احتجاجی تحریک کی تیاریوں، تنظیمی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جاوید قصوری نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فوری حکمت عملی مرتب کریں، کارکنوں کو واضح ذمہ داریاں سونپیں اور عوامی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور عوامی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول، بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہیں، جبکہ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کے باعث مایوسی کا شکار ہیں۔ ان کے بقول حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ٹیکسوں اور مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے حل کے بجائے اقتدار کی سیاست میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنی معاشی پالیسیوں کا جواب دیں۔

جاوید قصوری نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کسی فرد یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دلانے اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام سے رابطہ مزید مضبوط بنائیں اور 7 اگست کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close