وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد نئے بنیادی تنخواہی ڈھانچے کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بنیادی پے اسکیلز 2022 کی جگہ اب پے اسکیلز 2026 نافذ ہوں گے۔ نئے نظام کے تحت مختلف گریڈز کی بنیادی تنخواہوں اور سالانہ اضافے میں ترمیم کی گئی ہے۔
نئے پے اسکیلز کے مطابق گریڈ 1 کے ملازم کی کم از کم بنیادی تنخواہ 13 ہزار 550 روپے سے بڑھا کر 16 ہزار 280 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ سالانہ اضافہ 430 روپے سے بڑھا کر 520 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
گریڈ 16 کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ 33 ہزار 720 روپے اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ 1 لاکھ 15 ہزار 320 روپے مقرر کی گئی ہے۔ گریڈ 17 کے افسران کی بنیادی تنخواہ 45 ہزار 70 روپے سے بڑھا کر 54 ہزار 140 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ گریڈ 22 کے افسران کے لیے بنیادی تنخواہ 1 لاکھ 46 ہزار 770 روپے اور زیادہ سے زیادہ حد 2 لاکھ 93 ہزار 350 روپے مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران پیدا ہونے والے معاملات کے حل کے لیے اینوملی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
اس کے علاوہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں بھی 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
نظرثانی شدہ کنوینس الاؤنس کے تحت گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کا الاؤنس 1 ہزار 785 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 678 روپے، گریڈ 5 سے 10 کے ملازمین کے لیے 2 ہزار 898 روپے، گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کے لیے 4 ہزار 284 روپے جبکہ گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے 7 ہزار 500 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
نئے الاؤنسز اور پے اسکیلز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل تصور کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






