وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بنیادی تنخواہوں کے پے اسکیلز 2022 کی جگہ پے اسکیلز 2026 نافذ کر دیے گئے ہیں، جبکہ نیا ترمیمی فریم ورک فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 کے ملازم کی کم از کم بنیادی تنخواہ 13,550 روپے سے بڑھا کر 16,280 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ سالانہ انکریمنٹ 430 روپے سے بڑھا کر 520 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
گریڈ 16 کے ملازمین کی کم از کم بنیادی تنخواہ 33,720 روپے اور زیادہ سے زیادہ 115,320 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ گریڈ 17 کے افسران کی ابتدائی بنیادی تنخواہ 45,070 روپے سے بڑھا کر 54,140 روپے کر دی گئی ہے۔
اسی طرح گریڈ 22 کے افسران کی کم از کم بنیادی تنخواہ 146,770 روپے اور زیادہ سے زیادہ 293,350 روپے مقرر کی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ نے پے اسکیلز 2022 کے تحت ایگزیکٹو الاؤنس کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 1,785 روپے سے بڑھا کر 2,678 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 5 سے 10 کے ملازمین کے لیے ماہانہ کنوینس الاؤنس 2,898 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 2,856 روپے سے بڑھا کر 4,284 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کا ماہانہ کنوینس الاؤنس 5,000 روپے سے بڑھا کر 7,500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






